کراچی:وزیراطلاعات وبلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے کہاہے کہ خان صاحب کے پاس ڈرامہ بازوں کی زیادہ اہمیت ہے، بے حسی کی بھی حد ہوتی ہے۔
اپنے بیان میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مچھ سانحہ نے عمران خان کی اصلیت کو قوم کے سامنے ظاہر کردیاہے، خان صاحب نے ورلڈ کپ اور شوکت خانم بناکر جو ساکھ بنائی وہ کھو چکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ارتغرل کی ٹیم اور یو ٹیوبرز سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ شاید خان صاحب کے پاس ڈرامہ بازوں کی زیادہ اہمیت ہے۔ بے حسی اور سفاکی کی بھی حد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج خان صاحب کوئٹہ جانے کے بجائے وسیم اکرم پلس سے ملنے لاہور جا رہے ہیں،زلفی بخاری نے تو کوئٹہ میں ہزارہ برادری سے سوال کیا کہ وزیراعظم کے کوئٹہ آنے سے کیا فائدہ ہوگا۔
بے حسی اور سفاکی کی بھی حد ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے وزراء اور ترجمان بداخلاقی اور بدکلامی میں ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کی ریس میں لگے ہوئے ہیں۔
وزراء اور ترجمان کہتے ہیں کہ خان صاحب تو اپنے کزن اور نزدیک ترین دوست نعیم الحق کی میت میں نہیں گئے۔اس قسم کے رویے سے یہ قوم کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، دھرنے کے شرکاء کو ان سے اچھی امید نہیں رکھنی چاہئے۔