کراچی: رواں برس کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات آج ہوگی جبکہ کل سے دن کا دورانیہ آہستہ آہستہ کم ہوتا چلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ موسموں میں تبدیلی اور سورج کے گرد زمین کی گردش کے ساتھ ساتھ دن اور رات کا دورانیہ بھی بدلتا رہتا ہے۔ ہر سال 21 جون کا دن طویل ترین مانا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 22 ستمبر کے روز دن اور رات کا دورانیہ برابر اور 22 دسمبر کو مختصر ترین دن اور طویل ترین رات ہوتی ہے تاہم طویل ترین دن اور طویل ترین رات کے علاوہ یکساں دن اور یکساں رات کا بھی کوئی واضح دورانیہ بیان نہیں کیا جاسکتا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت جنوبی ایشیائی ممالک میں دن اور رات کی طوالت کی صورتحال یورپی ممالک اور افریقی ممالک کے مقابلے میں مختلف ہوتی ہے جس کی وجہ ممالک کا سورج سے فاصلہ اور مخصوص جغرافیائی مقام ہوتا ہے۔
دنیا کے کسی بھی مخصوص خطے میں دن اور رات کا دورانیہ سال کے ایک ہی روز کسی دوسرے خطے کے مقابلے میں نسبتاً زیادہ طویل یا مختصر ہوسکتا ہے، حد یہ ہے کہ ایک ہی ملک کے 2 مختلف شہروں میں دن کا دورانیہ ایک دوسرے سے مختلف ہوسکتا ہے۔
آج کراچی میں فجر کا وقت 4 بج کر 14 منٹ اور مغرب کا 7 بج کر 24 منٹ پر ہوگا یعنی شہرِ قائد میں دن کا دورانیہ کم و بیش 15 گھنٹے 10 منٹ ہوگا۔ اس کے مقابلے میں اسلام آباد میں فجر کا وقت 3 بج کر 14 منٹ تھا اور مغرب کی نماز 7 بج کر 21 منٹ پر ہوگی۔
نتیجتاً اسلام آباد میں دن کا دورانیہ کم و بیش 16 گھنٹے 7 منٹ ہوگا۔ اسی طرح دیگر مختلف شہروں میں دن کا دورانیہ ایک دوسرے سے مختلف ہوسکتا ہے تاہم دُنیا کے ہر ملک میں سال کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات 21 جون کو ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیپ فیک ٹیکنالوجی، جعلی تصاویرکی حقیقت معلوم کرنے کا سافٹ وئیر تیار