وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پروپیگنڈا کے سامنے ہاتھ کھڑے کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقابلہ مشکل ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار موقر معاصر اردو نیوز سے گفتگو کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اتنا متحرک وزیراعلیٰ نہیں دیکھا اس لیے مریم نواز ان کے لیے ایک دکھتی رگ ہیں۔ انہیں مریم نواز کو دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔ وہ مریم نواز سے غیرمحفوظ ہیں۔
پچھلے دنوں سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کرتی رہی کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کو ایچیسن کالج کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی بلایا گیا تھا، تاہم طلبہ کے احتجاج پر انتظامیہ نے دعوت نامہ واپس لے لیا۔
اس پر بات کرتے ہوئے عظمٰی بخاری کا کہنا تھا کہ ایچیسن کالج نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو دعوت دی تھی اور وہ جانا بھی چاہتی تھیں لیکن یہ شرکت سو فیصد یقینی اس لیے نہیں تھی کہ اس دن صدارتی انتخاب تھا اس لیے وہ اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایچیسن انتظامیہ کو رات کو ہی بتا دیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ تقریب میں شریک نہیں ہوں گی۔ اسی طرح وہاں ایک بچے کے لیے کچھ بچے نعرے لگا رہے تھے، تو اس کے پیچھے جعلی نعرے بھر کر سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا۔ یہ کٹ کاپی پیسٹ والی پارٹی ہے، ان کے پروپیگنڈے کا مقابلہ مشکل کام ہے۔
پنجاب کی بیوروکریسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ابھی اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ خیال رہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب گزشتہ نگران حکومت میں لگائے گئے تھے جن کو مریم نواز کی حکومت نے تبدیل نہیں کیا۔