لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جو بھی قانون توڑے گا اس کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ کسی کو ریاست کے اندر ریاست بنانے کی اجازت نہیں مل سکتی۔
ڈی جی پی آر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی حکوحت اور پنجاب کے مشترکہ وفد نے ٹی پی ایل سے مذاکرات کر کے ملک اور قوم کو بحران سے نکالا ہے۔ مذاکرات میں جو بھی روڈ میپ طے ہوا ہے پنجاب حکومت اس پر عملداری کو یقینی بنائے گی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت وقت اپنے شہریوں کے نقصان کے ازالے کی ذمہ دار ہے۔ جو بھی نقصان ہوا اس کا ڈیٹا اکٹھا کر کے معاونت کی جائے گی۔ جتنا بھی نقصان ہوا اس کا ازالہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چوہدری اخلاق کا کہنا تھا کہ خصوصی بچوں کے لیے شرقپور میں ایک سو چار کنال اراضی پر مشتمل ماڈل ویلج بنانے جا رہے ہیں جہاں بچے تین ماہ کی چھٹیاں گزار سکیں گے۔
لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے سٹی اپارٹمنٹ منصوبہ پچاس لاکھ گھروں کی پہلی بوند ہے۔