کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ بیوہ عورتوں کی طرح رونا دھونا بند کر کہ عملی طور پر کام کریں، ہر بارپریس کانفرنس میں وہ اپنی ہی نا اہلیوں کا رونا سنا کر چلے جاتے ہیں۔
تھرپارکر میں رواں سال بھوک اور غذائی قلت سے چھ سو سے زیادہ بچے مر گئے، سندھ میں بارشوں کے بعد وبائی امراض پھو ٹ رہے ہیں سندھ حکومت کام کرنے کی بجائے شکوے اور شکایتوں سے وقت گزار رہے ہیں۔
حنید لاکھانی نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد بھی سندھ حکومت والے وفاقی حکومت کے سامنے گڑگڑاتے ہیں، بدین سمیت جس شہر میں بھی صورتحال خراب ہے اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی کے ساتھ برا سلوک کیا جبکہ یہ شہر پورے پاکستان کو چلاتا ہے۔
محکمہ ایرگیشن، صحت اور تعلیم کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں، ایریگیشن کی کرپشن نے پورے سندھ کو ڈبویا، انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے سندھ میں آکر راشن بانٹا لوگوں کا درد بانٹا لیکن سندھ حکومت کو سندھ کی عوام پر کوئی ترس نہیں آیا اور کوئی سندھ حکومت کا وزیر عوام کے مسائل سننے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والوں کے گوداموں میں گندم کی بوریاں خراب ہوتی رہیں لیکن کسی غریب کو نہیں دی، یہ وہ بے حس لوگ ہیں جن کی سیاست بھی ان کے مفاد کے لئے ہے اور تمام پالیسیاں بھی ان کی کرپشن کو بچانے کے لئے ہیں عوام کی بھلائی اور بہتری سے پیپلز پارٹی کو کوئی سروکار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پریس کانفرنس کر کہ رونے دھونے کی بجائے اگر لوگوں کی خدمت کرتے اور ان کی مسائل کو حل کرنے کے لیئے اقدامات کرتے صوبہ سندھ آج اس صورتحال کا شکار نہیں ہوتا سندھ کی تباہی کی ساری ذمہ داری سندھ حکومت، مرادعلی شاہ، زرداری گروپ اور دیگر چوروں کے سر پر عائد ہوتی ہے ان لوگوں نے صوبہ کو کھنڈ ر بنا دیا ہے۔