اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ کو آئی ایم ایف کسی صورت نہیں مانے گا، بجٹ کے بعد حکومت ایک ڈیڑھ ماہ میں رخصت ہو جائے گی، لگتا ہے طاقتور حلقے جاری سیاسی و معاشی بحران سے پریشان ہو چکے ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے بنی گالہ میں اینکر پرسنز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ عالمی اداروں کو بھی موجودہ حکومت کی نا اہلی کا یقین ہے۔ آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کو یقین ہے عوا م اس حکومت کے ساتھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کا سامنا کرنے کے لیے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے، مضبوط قیادت شفاف الیکشن کے ذریعے ہی سامنے آ سکتی ہے، اس وقت پاکستان کو آئی ایم ایف اور دیگر ممالک امداد نہیں کر رہے۔
عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تبادلے ہو رہے ہیں۔ اہم تعیناتیوں، تقرر و تبادلوں کا واحد مقصد الیکشن چوری کی تیاری ہے، ہمیں معاملات کا اندازہ ہے اور مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی یہ نہ سمجھے کہ لانگ مارچ ختم ہو گیا ہے، آنے والے دنوں میں اسلام اباد کارُخ کروں گا، ہم نے بڑی تعدد میں عوام کو سڑکوں پر نکال کر دکھایا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ دیگر بھی اہم تعیناتی کی جا رہی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ سیاسی عدم استحام سے نکلنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں۔ حکومت کے فسطائی ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتخابات کی تاریخ ملنے تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکا نام فائنل کرلیا