کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے پیپلز پارٹی کی جانب جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملٹی پارٹیز کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا۔
جی ڈی اے کے ترجمان سردار عبد الرحیم نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی والوں کی نیت خراب ہے،جی ڈی اے کو ملٹی پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے باضابطہ طور پر کوئی دعوت نہیں دی گئی ہے،پیپلز پارٹی نے فنکشنل لیگ کے نام پر دعوت نامہ دیا ہے جبکہ جب ہم نے ان سے کہا کے جی ڈی اے کے نام پر دعوت نامہ دیا جائے،مگر کوئی بھی مثبت جواب نہیں ملا ہے۔
سردار عبد الرحیم نے مزید کہا کے وزیر اعلیٰ صرف پی آر او والا کام کررہا ہے،جی ڈی اے کے ترجمان سردار عبد الرحیم،جی ڈی اے کے پارلیمانی لیڈر حسنین مرزا، نصرت سحر عباسی،عارف مصطفی جتوئی،نند کمار گوکلانی،شہریار مہر نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 12 برسوں سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔
پیپلز پارٹی وفاق میں تو اپوزیشن کر رہی ہے مگر سندھ میں اپوزیشن جماعتوں اور رہنماؤں کو نظر انداز کیا جارہا ہے،پیپلز پارٹی والے ڈرامے بازی کررہے ہیں،جی ڈی اے کی سندھ میں شناخت ہے، عوام جی ڈی اے کے ساتھ ہیں اور جی ڈی اے عوام کے ساتھ ہے، خدارا پیپلز پارٹی کو منافقت سے ہٹ کر سندھ کی عوام کی خدمت کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کے جو ایشوز پیپلز پارٹی والے بتارہے ہیں ان کو اسمبلی میں لایا جائے اور بند کمروں میں فیصلے نہیں ہوتے،رہنماؤں نے کہا کے ای پی سی صرف ڈرامہ ہے،انہوں نے کہا کے اگر صوبائی حکومت نااہل ہوگی تو وفاق ضرور مداخلت کریگا،انہوں نے کہا کے کرونا وائرس کے باعث آمدنی کم ہوگی تو صوبوں کو بجٹ میں حصہ کم ملے گا، سندھ حکومت این ایف سی ایوارڈ پر صوبوں کو بیوقوف بنا رہی ہے۔