وارسا: یورپی ملک پولینڈ کی حکومت نے سرکاری سروس میں رہنے والے گھوڑوں اور کتوں کو پینشن دینے کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ کی حکومت نے سرکاری حکام کے ساتھ دشوار گزار راستوں پر سفر کرنے والے گھوڑوں اور سراغ رسانی کا کام کرنے والے کتوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد انسانوں کی طرح پینشن دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد یہ جانور اکثر سروس میں رہنے والے افراد کے پاس ہی چلے جاتے ہیں اس لئے حکومت نے ان کے لئے پینشن کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایسے جانوروں کے مالی اخراجات برداشت نہ کرنے والے افراد نے وزارت داخلہ سے اپیل کی تھی۔ ان کی اپیل پر پولینڈ کی وزارتِ داخلہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ سروس سے ریٹائر ہونے والے جانوروں کے نئے مالک کو ان کی پینشن دی جائے گی۔