دیر بالا: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ سازش کے تحت حکومت گرا کر امریکا کے پتلوں کو بٹھایا گیا۔جب سے شہبازشریف آیا ملک تیزی سے نیچے کی طرف جا رہا ہے، عالمی اداروں نے پاکستان کی ریٹنگ مائنس کر دی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاہتا ہوں نوجوان اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں اور غلامی قبول نہ کریں۔ امپورٹڈ حکومت نامنظور، سارے پاکستان کی آواز ہے۔ میرا کام پاکستانیوں کو شعور دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک نظریئے پرعمل نہیں کریں تب تک اسلامی فلاحی ریاست نہیں بن سکتے۔میرے والدین نے تحریک پاکستان میں شرکت کی تھی، تحریک انصاف کا منشورتحریک پاکستان اورقرارداد پاکستان سے لیا تھا، کلمے کا مطلب اللہ تیرے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا، کلمہ انسان کوغیرت دیتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے دس روپے بڑھانے کی بجائے پٹرول، بجلی کی قیمتوں کو کم کیا، جب پٹرول کی قیمت بڑھتی ہے تو ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہیں۔ اس لیے ہم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بڑھانے سے روکا ہوا تھا، ہم نے قیمتیں بڑھانے کے بجائے عوام کو ریلیف دیا، ہماری حکومت میں سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا ہوا، ہماری حکومت نے آمدنی بڑھائی اورعوام کوریلیف دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل، بھارت، امریکا نے ملکر سازش کی، ان تینوں نے بوٹ پالش کرنے والے چیری بلاسم کو مسلط کیا، شہباز شریف کو اس لیے نہیں لائے کہ قابلیت تھی، ان کو پتا تھا یہ ان کے بوٹ پالش کر کے سارے حکم مانے گا، اس نے پہلے حکم پر ملک میں تاریخی مہنگائی کر دی، اس نے پٹرول، فضل الرحمان کی 60 روپے قیمت بڑھا دی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیزل کوجب پتا چلا اس کی 60 روپے قیمت بڑھی تو عمرہ کرنے چلا گیا، عمرہ کرنے بھیس بدل کر گیا کہیں وہاں بھی ڈیزل کی آوازیں نہ لگ جائیں۔ ہماری حکومت میں بھی آئی ایم ایف کا پریشرتھا، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، آئی ایم ایف نے ہمیں دس روپے ڈیزل، پٹرول کی قیمت بڑھانے کا کہا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ میرا کوئی کارخانہ یا دولت بیرون ملک نہیں، آصف زرداری، نوازشریف، شہباز شریف کے چوری کی تمام دولت باہر پڑی ہے۔ہم نے ہرخاندان کو دس لاکھ کی ہیلتھ انشورنس دی، احساس پروگرام کے ذریعے نچلے طبقے کی مدد کی، کورونا کے باوجود پاکستان میں سب سے زیادہ لوگوں کو روزگار ملا۔
مزید پڑھیں:عمران خان نے نوجوان نسل کی جو تربیت کی اُس پر افسوس ہے، خواجہ آصف