لاہور: حکومت نے پرائیؤیٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے وفد کو کل ملاقات کے لئے بلا لیا۔ رہنماؤں نے 11 جنوری سے ہرصورت تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ اسکولز سپریم کونسل کی دھمکی کام کرگئی،پرائیویٹ اسکولز سپریم کونسل کے رہنماؤں اور قائدین نے پریس کانفرنس کی، ان کا کہنا تھا کہ 11 جنوری کو ہر صورت اسکول کھولیں جائیں گے۔
تعلیمی ادارے ایس او پیز کے مطابق کھولیں گے، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور بازار کھلیں ہیں لیکن اسکولز بند ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سکولز ایس اوپیز پر عمل کررہے تھے پھر بھی بند کردیے گئے، ہزاروں اسکولز مستقل بند ہوچکے ہیں، باقی بھی بند ہونے کے قریب ہیں۔
حکومت رجسٹریشن فیس اورٹیکس ایک سال کے لئے معطل کرے ورنہ احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔ حکومت نے پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے وفد کو کل ملاقات کے لئے بلا لیا۔
سیکریٹری جنرل پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن زعفران الٰہی کی قیادت میں وفد کل وزیرتعلیم شفقت محمود سے ملاقات کرے گا،سیکریٹری جنرل پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن عبدالوحید خان کا کہناتھا کہ ملاقات وزیرتعلیم کے آفس میں ہوگی۔
سیکریٹری جنرل پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ مل بیٹھ کرمسائل حل ہوں،اسکولز بند کرنے سے بچوں کا مستقبل داؤ پرلگ چکا ہے،امید ہے کل کی میٹنگ میں حکومت ہمارے موقف کی تائید کرے گی۔