اسلام آباد: کالعدم تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور جاری ہے، حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر وزراء کی لیگل ٹیم کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات میں موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جونہی یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اعلان کردیا جائے گا کہ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، اگر مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے تو وزارت داخلہ کی جانب سے انٹرنیٹ، موبائل سگنلز بند کرنے کے سلسلے میں جو لیٹر پی ٹی اے کو بھجوایا گیا ہے اس پر عملدر آمد کردیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ مذاکرات کتنی دیر تک جاری رہیں گے، مگر ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات کا تیسرا دور یقینا نتیجہ خیز ہوگا۔ اور اہم اعلانات متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ علمائے کرام کے 9رُکنی وفد کی کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی سے ملاقات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا،ملاقات میں سرکاری وفد کی سربراہی پنجاب قرآن بورڈ کے سربراہ حامد رضا نے کی تھی، وفد نے موجودہ صورتحال پر مفاہمت کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے ملاقات کے دوسرے دور میں سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماء صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سمیت 9ارکان بھی وفد میں شامل تھے، جنہوں نے سعد رضوی سے ملاقات کی تھی۔
واضح رہے کہ امیر کالعدم تحریک لبیک سعد حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے جبکہ گزشتہ دو روز سے لاہور میں ٹی ایل پی کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔