کراچی:پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر اور وزارت ساحلی امور کے مشیر محمود مولوی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کااثاثہ ہیں اور پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو منشیات سے بچانے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔ مختلف تعلیمی اداروں کے وفود سے اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر محمود مولوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منشیات کے استعمال کا بڑھتا ہوا رجحان قابل تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایک مربوط پالیسی تیار کی جارہی ہے جس کے تحت متعلقہ گورنراپنے صوبے میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے قائم کمیٹیوں کی سربراہی کرینگے۔
محمود مولوی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے سدباب کے ساتھ ساتھ منشیات فروشی میں ملوث گروہوں کا قلع قمع کرینگے،انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔
نوجوان ہی پاکستان کی امید ہیں اسی لئے حکومت نوجوانوں کیلئے مختلف پالیسیوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔