اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراطلاعات شبلی فراز کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہے وہ فاسشسٹ مائنڈ سیٹ، جس نے پہلے کمرے پر حملہ کرایا اور اب یہ مریم نوازشریف کی ذات پر حملہ کررہے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بنارسی ٹھگ وہ ہوتے ہیں جو رات کی تاریکی میں خواتین کے کمروں کے دروازے توڑتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بنارسی ٹھگ وہ ہوتے ہیں جو آٹا 35 روپے سے بڑھا کر 85 روپے کلو بیچتے ہیں۔
بنارسی ٹھگ وہ ہوتے ہیں جو چینی 55 روپے سے بڑھا کر 110 روپے کلو بیچتے ہیں۔ انہ وں نے کہاکہ بنارسی ٹھگ وہ ہوتے ہیں جو میڈیا کی آواز بند کرتے ہیں، اظہار رائے کی آزادی چھین لیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کی قیادت میں عوام کا سیلاب بنارسی اور بیلٹ ٹھگوں کوبہا لے جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ’بنارسی‘ اور ’بیلٹ ٹھگ‘ جو چاہیں، کردیکھیں، عوام ووٹ چوروں کو اقتدار سے باہر کرکے ہی دم لیں گے۔
انہوں نے کہاکہ مریم نوازشریف کی ذات پرگھٹیا حملے ووٹ چوروں کے سیاسی میدان میں ان سے ہارجانے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب بنارسی وہ ہوتے ہیں جو عوام کا آٹا، چینی، روٹی اور دوائیاں چوری کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ زبانوں کو لگام نہ دی گئی تو شیشے کے گھر میں رہنے والے عمران صاحب منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دوسروں پہ ذاتی حملے سے پہلے عمران صاحب اپنا گھناؤنا چہرہ آئینہ میں دیکھیں۔
انہوں نے کہاکہ شبلی فراز صاحب کو اپنا نہیں تو کم ازکم اپنے عظیم والد کی میراث اور مقام کا ہی کچھ خیال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز شریف نے سیاسی قربانیوں، سزائے موت کی چکیوں میں ناحق قید وبند سے سیاسی مقام حاصل کیا۔
انہوں نے کہاکہ مریم نوازشریف جرات وسیاسی کردار، قائدانہ ہمت واستقلال سے ووٹ کو عزت دو کی تحریک چلا رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کے فیصلے اور ایمپائر کی انگلی میں بڑا فرق ہوتا ہے۔
کاش آپ نے احمد فراز صاحب کا کلام ہی پڑھ اور سمجھا ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ ٹولہ دشنام طرازی، زبان درازی اور خواتین کے احترام کے منافی لب ولہجے سے سیاسی میدان میں اپنی شکست کا اعتراف کرچکے ہیں۔