اسلام آباد:وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے چینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی کیلئے وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر کی زیر سربراہی کمیٹی قائم کر دی۔
نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس پیر کو وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا۔وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مہنگائی کی ہفتہ وار صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا سیکریٹریوں اور صوبائی چیف سکریٹریوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔وزیر صنعت حماد اظہر نے کمیٹی کو چینی اور کھانے کے تیل کی قیمتوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے وزیر صنعت حماد اظہر کی سربراہی چینی اور کھانے کے تیل کی قیمتوں کے جائزہ کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔
کمیٹی کی صوبوں کی انتظامیہ کو روزمرہ استعمال کی اشیا کی ارزاں نرخوں پر عام آدمی تک رسائی ممکن بنانے کی ہدایت کی۔ سیکریٹری خزانہ نے اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی پر معلومات فراہم کیں۔
انھوں نے بتایا کہ دسمبر میں مہنگائی کی شرح 8 فیصد رہی چکن، پیاز، ٹماٹر سمیت دس اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.7 فیصد کمی ہوئی اجلاس کو بتایا گیا کہ فوڈ آئٹمز کی مہنگائی میں شہری علاقوں میں 2.1 فیصد اور دیہی علاقوں میں 3.4 فیصد کمی ہوئی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ موثر اقدامات سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی نظر آرہی ہے وفاقی اور صوبائی حکومتیں روز مرہ اشیا کی سپلائی بہتر بنائیں وزیر خزانہ نے مہنگائی میں مزید کمی کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے آپس میں تعاون پر زور دیا۔
اجلاس میں بلوچستان اور سندھ میں گندم کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے بلوچستان اور سندھ کے چیف سیکرٹریز کو آٹے کی سپلائی بہتر بنانے کی ہدایت کی اور دونوں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو بھی گندم کی ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
کمیٹی نے گندم کے اسٹاک کے حوالے سے دونوں صوبوں سے جامع رپورٹ بھی طلب کرلی۔ کمیٹی کی صوبوں کو گندم اور چینی کی بلیک مارکیٹنگ پر قابو پانے اور قیمتوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔