چین میں افغانستان کی طالبان حکومت کا باقاعدہ سفیر مقرر کر دیا گیا، چینی صدر شی جن پنگ نے چین میں افغان سفیر اور غیر معمولی نمائندے کی حیثیت سے مولوی اسد اللہ کی اسنادِ سفارت قبول کرلیں۔
افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی کے مطابق آج امارت اسلامیہ افغانستان کے سفیر نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ایک خصوصی تقریب کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کیں۔
عبدالقہار بلخی نے مزید کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کے سفیر کے علاوہ 41 دیگر ممالک کے سفیروں نے بھی اپنی اسناد چینی صدر کے حوالے کیں۔
صدر شی جن پنگ نے امارت اسلامیہ افغانستان کے سفیر اور خصوصی نمائندے کی حیثیت سے بلال کریمی کی اسناد قبول کرتے ہوئے انہیں چین میں بطور سفیر خوش آمدید کہا اور ان کے کام میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران نو مقرر کردہ افغان سفیر نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کی، چینی وزیر خارجہ نے مولوی اسداللہ کو چین کے صدر کو اسناد پیش کرنے پر مبارکباد دی۔
یاد رہے مولوی اسداللہ نے گزشتہ ماہ دسمبر میں بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خارجہ کو اپنی سنادِ سفارت کی ایک کاپی حوالے کرنے کے بعد افغانستان کے سفارت خانے میں کام شروع کیا تھا۔