کراچی: شہر قائدمیں سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف بل بورڈز اور سائن بورڈز کی غیر قانونی تنصیب جاری۔ چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے بل بورڈ گرنے کی ویڈیو پر از خود نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے سائن بورڈز کا کیس پیر کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔سپریم کورٹ نے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کردیئے۔
تمام فریقین وفاق، سندھ حکومت اور کے ایم سی کو نوٹس جاری۔ گزشتہ 2 روز قبل شاہراہ فیصل پر ایک عمارت پر لگے سائن بورڈ کا ایک آہنی حصہ مرکزی سڑک پر چلتے ٹریفک پر آ گرا تھا۔
سائن بورڈ گرنے کے نتیجے میں 3 موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے تھے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سائن اور بل بورڈز پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ جبکہ صرف وال پیسٹنگ کی اجازت دی گئی تھی،جس میں کسی قسم کی آہنی چادر یا ڈھانچے کے استعمال کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔