اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کی رولنگ کیخلاف چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کیلئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے 3 رکنی بنچ تشکیل دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کی سربراہی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کریں گے جبکہ دیگر دو ججز صاحبان میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اخترشامل ہیں، ذرائع کے مطابق بنچ آج ہی چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کرے گا ۔
گزشتہ روز پرویز الہٰی کی دائر درخواست میں حمزہ شہباز، ڈپٹی اسپیکر اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے آج عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں حمزہ شہباز سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حمزہ شہباز 3 ووٹوں کے فرق سے پنجاب کے وزیراعلیٰ برقرار رہے تھے۔
ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے نتیجے کا اعلان کرنے سے پہلے چوہدری شجاعت کا خط ایوان میں پڑھ کر سنایا، جس کی بنیاد پر مسلم لیگ (ق) کے کاسٹ کیے گئے تمام 10 ووٹ منسوخ کردیے تھے۔
یوں 10 ووٹ منسوخ ہونے کے بعد پرویز الہٰی کے ووٹوں کی تعداد 176 ہوگئی تھی جبکہ حمزہ شہباز کے ووٹوں کی تعداد 179 رہی۔