کراچی کے بہترین دال چاول

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

The best ‘Daal Chawal’ in Karachi

پاکستان میں دال چاول ایک عام روایتی ڈش سمجھی جاتی ہے، ہر گھر میں دال چاول بڑی رغبت سے کھائے جاتے ہیں ، پاکستانی بہت شوق سے دال چاول کھانا پسند کرتے ہیں اور کیوں نہ کریں، کٹے ہوئےلہسن، لونگ، زیرہ اور کڑی پتے کا تڑکا دال کو اور بھی مزیدار بنادیتا ہے۔

دال چاول کو مختلف انداز میں پیش کیا جاتا ہے، لیموں، اچار اور سلاد کے ساتھ بھی دال چاول کو پسند کیا جاتا ہے، لوگ گھر کے علاوہ باہر بھی دال چاول شوق سے کھاتے ہیں اور اگر آپ کو نہیں معلوم کہ کراچی میں کہاں کہاں مزیدار دال چاول ملتے ہیں تو ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

غوثیہ دال چاول

Ghousia Daal Chawalصدر برنس روڈ پر واقع غوثیہ دال چاول انتہائی مشہور ہے، غوثیہ دال چاول کے مالک کا کہنا ہے کہ ہم 24 سال سے دال چاول فروخت کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہماری دال میں نو مختلف مصالحے ڈالے جاتے ہیں جو اس کے ذائقے کو منفرد بناتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس دال کی ترکیب ہماری والدہ نے بتائی اور دال بنانا بھی انہوں نے ہی سکھایا ہے۔ایک کسٹمر کیلئے دال چاول پارسل کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم حلیم کی طرز پر دال تیار کرتے ہیں اس لئے ہماری خصوصی دال پکانے میں کم از کم پانچ سے چھ گھنٹے لگتے ہیں۔

غوثیہ دال چاول کے مالک کا کہنا ہے کہ حیدر اور سکھر کے لوگ بہت شوق سے یہ دال چاول کھاتے ہیں اور کراچی کے شہری بھی ہمارے دال چاول بہت پسند کرتے ہیں۔

ہم 60 ، 70 اور 80 روپے میں دال چاول کی پلیٹ فروخت کرتے ہیں تاہم مستحقین کو دال چاول مفت میں دیتے ہیں۔

حلیم ہاؤس

Haleem Houseبلاول چورنگی کے قریب واقع حلیم ہاؤس کے دال چاول بھی شہریوں کو دور دور سے اپنی طرف کھینچ کر لاتے ہیں، حلیم ہاؤس کے کارکن علی کا کہنا ہے کہ ہمارے دال چاول کا ذائقہ دوسروں سے بہت منفرد ہے، ہم چار مختلف دالیں ملاکر پکاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہمارےدال چاول کھانے والے اپنی انگلیاں بھی چاٹ لیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاں حفظان صحت کے اصولوں کا بہت زیادہ خیال رکھا جاتا ہے ہمارے باورچی صبح سویرے آتے ہیں اور کھانا پکانا شروع کردیتے ہیں تاکہ کھانا پکانے کے عمل میں کوئی دقت نہ پیش آئے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے دال چاول کی خوشبو سے ہی لوگوں کے منہ میں پانی آجاتا ہے اور ہم اپنی دال میں مرغی کا گوشت ڈالتے ہیں جس کی وجہ سے اس کا ذائقہ بدل جاتا ہے۔

ہم ابلے ہوئے چاول اوردال کو دھنیے ،اچار اور مصالحے سے بھری ہری مرچ کیساتھ پیش کرتے ہیں، ہمارا اچار بھی اعلیٰ معیار کا ہوتا ہے ۔ ہم اپنے صارفین کو دال چاول کی ایک پلیٹ چکن کے ساتھ 150 روپے اور چکن کے بغیر 120 میں فروخت کرتے ہیں۔

شہریوں کو دعوت دیتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شہری ہمارے باورچی خانے کا معائنہ کرنا چاہے تو ہم اس کو خوشدلی سے قبول کریں گے۔

محبوب فوڈ سینٹر

Mehboob Food Centerسولجر بازار میں محبوب فوڈ سینٹرکے دال چاول بھی اپنی مثال آپ ہیں، شہری دور دور سے یہ دال چاول کھانے کیلئے آتے ہیں، محبوب فوڈ سینٹرکا دعویٰ ہے کہ ہم علاقے میں سب سے بہترین اور ذائقہ دار دال چاول پیش کرتے ہیں۔

محبوب فوڈ سینٹر کے مالک عقیل عباس کا کہنا ہے کہ ہم دال میں گوشت شامل کرتے ہیں جو ہمارے دال چاول کو سب سے الگ بناتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہمارا ذائقہ اور معیار 23 سال سے برقرار ہے اور یہی وجہ ہے کہ شہری دو دہائیاں گزرنے کے بعد بھی ہمارے دال چاول کو پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری دال دوسروں کے برعکس گاڑھی ہوتی ہے اور شہر میں ہونیوالی مجالس اوردیگر تقریبات کیلئے ہمارے دال چاول کی خصوصی فرمائش کی جاتی ہے۔

محبوب فوڈ سینٹر کے دال چاول کی پلیٹ گوشت کے ساتھ 150 روپے اور گوشت کے بغیر 110 میں فروخت ہوتی ہے۔

Related Posts