اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ کل جو بدمعاشی کی گئی اس کا جواب ہر ن لیگی کارکن پر قرض ہے۔
نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں مفتاح اسماعیل کوپارٹی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے، کل جس طرح ن لیگ کی سینئر قیادت کے ساتھ رویہ اپنایا گیا اس پر پارٹی میں سخت غصہ پایا جاتا ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ اگر آپ دو تھپڑ ماریں گے تو ہم آپ کو 10 تھپڑ ماریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس طرز عمل پر خاموش نہیں رہیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ کل شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، مرتضیٰ جاوید عباسی، خرم دستگیر اور مصدق ملک کے ساتھ جو طوفانِ بدتمیزی اٹھایا گیا اس پر اجلاس میں بہت غصے کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو اخلاق اور تہذیب کا بھاشن دینے والے اپنا سبق اپنے پاس رکھیں۔
مسلم لیگ ن کے چھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مشاورتی اجلاس کے بعد مریم نواز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں لانگ مارچ، ڈسکہ کے ضمنی الیکشن، کراچی میں خالی ہونے والی این اے 249 کی نشست کے امیدوار پر بات ہوئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ سینئر لیڈرشپ کی اس طرح تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی، ن لیگ کے ساتھ جو بدمعاشی کی گئی اس کا جواب ہر ن لیگی کارکن پر قرض ہے جس کو ہر شیر ادا کرنا اچھے سے جانتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مشاورتی اجلاس میں جعلی اعتماد کے ووٹ کے بعد جو سیاسی صورتحال بنی ہے اس پر بھی بات کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن پر بھی بات ہوئی۔ کل جس جبر، دھونس اور غنڈہ گردی سے اعتماد کا ووٹ لیا گیا، اس کی نہ کوئی قانونی، نہ کوئی اخلاقی، سیاسی اور آئینی حیثیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل فیصلہ بدلا نہیں بلکہ مضحکہ خیز انداز میں تبدیل کرایا گیا، پورے ایوان کو بنکر بنادیا گیا، یوں لگتا تھا کہ شمالی وزیرستان کا کوئی علاقہ ہے۔ ڈرون کیمروں سے اپنے ارکان کی نگرانی کی گئی اور اس میں ایجنسیز کی مدد لی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس کا جواب دینا ہوگا۔