دمشق: شام اور عراق کے سرحدی علاقے کے نزدیک دہشت گردوں کے حملے میں 37فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق اور شام کی سرحد سے منسلک شامی صوبے دیر الزور میں دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں بس میں سوار 37 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک اہلکاروں میں 8 آفیسرز بھی شامل ہیں جب کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں مقامی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
مذکورہ دہشت گردی کی کارروائی کے حوالے سے شام میں انسانی حقوق کی تنظیم کے سربراہ عبدل رحمان کا کہنا ہے کہ فوجی قافلے میں 3 بسیں شامل تھیں تاہم 2 موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئیں۔
دہشت گردوں کی جانب سے پہلے بم دھماکے کیے گئے اور پھر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار اہلکار وں کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا اور بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں۔