راولپنڈی:ملک دشمنوں کے خلاف وطن کی خاطر لڑتے ہوئے پاک فوج کے ایک اور جوان نے جام شہادت نوش کرلیا۔افغان حدود سے دہشتگردوں کی فائرنگ کے باعث 34 سالہ سپاہی شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے دوتوئی کے علاقے میں افغانستان سے دہشتگردوں نے پاک فوج پر فائرنگ کی، جس کا پاک فو ج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔
پاک فوج کی جانب سے کی گئی بھرپور جوابی کارروائی کے باعث دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی نذر محمد جام شہادت نوش کرگیا، جس کا تعلق جعفر آباد سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان کیخلاف سرگرمیوں کے لئے افغانستان کی سرزمین کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اور امید کرتا ہے کہ افغان عبوری حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔
مزید پڑھیں:پاک آرمی کا چولستان کے دوردراز علاقوں میں مفت آئی کمیپ کا انعقاد
پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔