راولپنڈی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ریلوے اسٹیشن کے قریب سے برآمد ہونے والے بوتل بم کو ناکارہ بنا کر دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے مصنوعی دھماکے سے بوتل بم ناکارہ بنا دیا۔ ریلوے اسٹیشن کے قریب مشکوک بیگ کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے۔
بیگ میں ایک مشکوک بوتل پائی گئی جس سے موبائل فون اور 2 بیٹریوں کے ساتھ ساتھ دھماکہ خیز مواد بھی منسلک تھا جس سے پولیس اہلکاروں کو پتہ چلا کہ ریلوے اسٹیشن پر دہشت گردی کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد بی ڈی ایس (بم ڈسپوزل اسکواڈ) کو طلب کر لیا۔ جائے وقوعہ پر پہنچ کر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشکوک بوتل کو مصنوعی دھماکے کی مدد سے ناکارہ بنایا۔
مصنوعی دھماکے کی آوازیں راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کے اردگرد دور تک سنی گئیں، قبل ازیں تاجروں نے مٹھو خان اور دیگر بازاروں کی دکانیں بند کردی تھیں۔ پولیس نے دہشت گردوں کو تلاش کرنے کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا ایکشن، 4خواتین ورکرزکے قتل میں ملوث دہشتگرد ہلاک