پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے تناظر میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں اور درجنوں کارکنوں پر بغاوت، دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ اسلام پورہ میں ریاست کے خلاف بغاوت، دہشت گردی اور اقدام قتل کی سنگین دفعات کے تحت چئیرمین پی ٹی آئی ،رہنماؤں اور 200 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ مقدمے میں متعدد رہنما نامزد ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مقدمے میں حماد اظہر ،سلمان اکرم راجا،غلام محی الدین، ایم پی اے شہباز، مسرت جمشید چیمہ، شیخ امتیاز، علی امتیاز، شبیر گجر سمیت دیگر رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر جیل کے اندر سے رہنماؤں کو ریاست مخالف تشدد پر اُکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بغاوت پر اکسانے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے کارکنوں کے ساتھ ریاست مخالف نعرے بازی اور توڑ پھوڑ کی، کارکنوں نے کانسٹیبل بلال کو زخمی کیا، پولیس نے موقع سے 16 مشتعل کارکنوں کو حراست میں لیا، مشتعل کارکنوں کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
لاہور میں میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاج کرنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں جن کا اندراج تھانہ ملت پارک اور ہنجروال میں عمل میں لایا گیا۔ اے ایس آئی عقیل کی مدعیت میں 20 کارکنوں کے خلاف تھانہ ہنجروال میں ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
گزشتہ روز ہنجروال پولیس نے کارکنوں کو احتجاج کیلئے نکلنے کے باعث گرفتار کرلیا تھا۔ تھانہ ملت پارک میں مقدمہ سب انسپکٹر حافظ عمران کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ 10 کارکنوں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج ہوا ہے۔ تھانہ ٹیکسلا پولیس نے بھی عمران خان سمیت 300 افراد پر سنگین مقدمہ درج کرلیا۔
،ملزمان پر دہشتگردی سمیت سخت ترین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں دیگر قائدین راجہ بشارت ،تیمور مسعود ،اجمل صابر راجہ ،ضیاد خلیق کیانی ، شہریار ریاض ، راجہ راشد حفیظ، اعجاز خان جازی ، ناصر محفوظ ، ایڈووکیٹ عقیل بطور ملزمان نامزد کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ مقدمے میں چوہدری امیر افضل ،راجہ شہباز ، عثمان ٹائیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔ ٹیکسلا پولیس نے 105 مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا۔گزشتہ روز لاہور انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث مینار پاکستان اور اس کے اطراف کے راستوں کو کینٹنرز لگا کربند کیا تھا۔