کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے سسٹم کو زیادہ سے زیادہ خودکار بنانے کی کوشش کررہے ہیں، امریکا کی طرز پر ٹیکس گزاروں کی معلومات جمع کی جائیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں منعقدہ آئی کیپ کے مباحثے میں دورانِ خطاب کیا۔ چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کا عوامی تصور بہترکرنیکی ضرورت ہے کیونکہ عوام کو اعتبار نہیں اورانہیں خوف ہے کہ اگر وہ ٹیکس ادا کریں گے تو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑے گا، البتہ اب امریکی طرز کا ٹیکس سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے اکثر دکان دار، تاجر سال میں ایک لاکھ روپے ٹیکس ادا کرتے ہیں، ایف بی آر کے پاس ٹیکنالوجی اور آٹو میشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، ٹیکس گزاروں اور محکمے کے درمیان رابطہ کم کرنا ضروری ہے۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کو فیس لیس بنانے پر کام کررہے ہیں، ٹیکس ادائیگی کے سسٹم کو خود کار بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، ماضی میں ادارے کے پاس کوئی ڈیٹا بینک نہیں تھا البتہ اب سسٹم بنایا جارہا ہے جس میں ٹیکس گزاروں کی ظاہر نہ کی جانے والی معلومات ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین ایف بی آر کا کسٹم قواعد و ضوابط ویب سائٹ پر شائع کرنے کا فیصلہ