کراچی: تنظیم الاعوان سندھ کے نائب چیئرمین زاہد اعوان نے کہا ہے کہ ٹیکس زدہ بجلی کے بلوں نے تاجروں کو ذہنی مریض بنا کر رکھ دیا ہے، بجلی کے بل تاجروں پر ایٹم بم بن کر گرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے بلوں میں ضرورت سے زیادہ ٹیکس عائد کرکے تاجروں کو کاروبار کرنے کے قابل نہیں چھوڑا ہے، زاہد اعوان نے کہا کہ تاجر برادری سے ظلم و نا انصافی کا یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔
بجلی کے بلوں میں کیا گیا غیرقانونی اضافہ اگر فوری طور پر ختم نہیں کیا گیا توتاجر برادری احتجاج پر مجبور ہوگی، تنظیم الاعوان سندھ کے نائب چیئرمین زاہد اعوان نے کہا کہ تاجر برادری اگر ہڑتال پر چلی گئی تو شہر میں فروٹ اور سبزی کی سپلائی بھی بری طرح سے متاثر ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ روز مرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں اور اُس پر بجلی کے بڑے بڑے بلوں نے رسی سہی کسر پوری کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ بھی بحرانی کیفیت کا شکار ہے جبکہ سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔
مزید پڑھیں:دُنیا کی بہترین کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر میں 3.36فیصد اضافہ