معروف گلوکارہ ٹیٹ میکری نے لندن کے معروف علاقے لیسٹر اسکوائر میں منعقدہ فلم ایف ون کے یورپی پریمئر میں شرکت کر کے شرکا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔
ٹیٹ میکری نے اس موقع کے لیے مکمل سیاہ رنگ کا لمبا لباس منتخب کیا جو باریک پٹیوں، کالم نما اسکرٹ اور ران تک بلند کٹ کے ساتھ خاصا پرکشش تھا۔
لباس کا گلا ’سویٹ ہارٹ‘ طرز کا تھا جبکہ کمر پر کپڑے کی تہوں میں جھالر اور ایک طرف بیلٹ نما بکل اس لباس کا نمایاں حصہ تھا۔
ان کے اس پرکشش لباس کو مزید نمایاں کرنے کے لیے انہوں نے نوک دار ایڑی والے سیاہ جوتے پہنے، جن کا اگلا حصہ تیز دھار اور کاٹ دار تھا اور جوتے کی بناوٹ میں خم دار کنارے شامل تھے، جو ان کی شخصیت میں مزید نفاست اور وقار کا اضافہ کر رہے تھے۔
ٹیٹ میکری نے اس موقع پر چاندی کے جھمکے اور معروف برانڈ بولگاری کی جانب سے پیش کردہ سانپ کی شکل کا قیمتی ہار زیب تن کیا جو ان کے لباس اور انداز میں ہم آہنگی پیدا کر رہا تھا۔
یہ لباس انداز اور ساخت کے لحاظ سے اس چمکتے چاندی کے لباس سے مشابہ تھا جو انہوں نے مارچ میں وینٹی فیئر آسکر پارٹی میں پہنا تھا، اور جس کے ساتھ انہوں نے معروف ڈیزائنر کی سینڈل استعمال کی تھی۔
یاد رہے کہ ٹیٹ میکری نہ صرف گلوکاری اور رقص میں نمایاں ہیں بلکہ وہ کئی معروف فیشن اور خوبصورتی کی مہمات کا بھی حصہ رہ چکی ہیں۔
رواں برس وہ ایک اسپورٹس ویئر مہم میں بھی جلوہ گر ہوئیں اور جلد کی نگہداشت کے ایک عالمی برانڈ کی سفیر بھی مقرر ہو چکی ہیں جس سے انہیں خاطر خواہ شہرت اور مالی فائدہ حاصل ہوا۔