اسلام آباد: وفاقی حکومت نے طارق ملک کو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا چیئرمین مقرر کردیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ داخلہ نے طارق ملک کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق طارق ملک کو 3 سال کیلئے چیئرمین نادرا مقرر کیا گیا ہے جو نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے انتظامی سربراہ ہوں گے۔
قبل ازیں طارق ملک چیئرمین نادرا کے عہدے پر کام کر رہے تھے جو 8 سال قبل استعفیٰ دے کر اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔ بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ نے طارق ملک کی دوبارہ تعیناتی کی منظوری دے دی۔
رواں ماہ وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد طارق ملک ایک بار پھر نادرا کے چیئرمین مقرر ہوچکے ہیں۔ طارق ملک سن 2013ء میں سابق حکومت سے اختلافات کے سبب اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔
عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد طارق ملک نے پاکستان بھی چھوڑ دیا تھا اور کچھ عرصے کیلئے امریکا چلے گئے۔ سابقہ حکومت نے طارق ملک کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اس وقت شروع کی جب انہوں نے 2013ء انتخابات میں ووٹرز کے انگوٹھوں سے متعلق رپورٹ پیش کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین نادرا طارق ملک نے 9 جون کو وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مجھ پر بھروسہ کیا ہے۔ ان کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔
I am grateful to Prime Minister @ImranKhanPTI for reposing his trust in me, and arranging a transparent and highly competitive selection process. 2/n
— Tariq Malik ™ (@ReplyTariq) June 9, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے طارق ملک کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
فواد چوہدری نے رواں ماہ 8 جون کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے 60 سے زائد اداروں کے سربراہ تعینات کیے، تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے پر پیپلزپارٹی کے مؤقف کا انتظار ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت نے طارق ملک کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دیدی، فواد چوہدری