معروف میزبان، نیوز کاسٹر، ڈرامہ نویس اور شاعر طارق عزیز کو اپنے چاہنے والوں سے بچھڑے 2 سال بیت گئے ہیں، مرحوم آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام پوری دنیا میں گونجا۔ نیوز کاسٹنگ ہو یا میزبانی، اہم شخصیات کی اسٹوڈیو انٹرویوز ہوں یا تعلیمی و تفریحی ٹیلی وژن شوزاسکرین پر ان سب کی ابتدا طارق عزیز نے کی۔
طارق عزیز سنہ 1960ء میں ریڈیو لاہور سے وابستہ ہوئے۔ اس کے بعد 26 نومبر 1964 کو پاکستان ٹیلی ویژن کی نشریات کا آغاز کیا اور 56 برس کی طویل مدت تک نظر آتے رہے۔
طارق عزیز نے 1974 میں پی ٹی وی کے ایک پروگرام نیلام گھر کا آغاز کیا۔ نیلام گھر اپنے منفرد انداز اور طارق عزیز کی مہارت کی وجہ سے اپنا ایک الگ ہی مقام بنانے میں کامیاب رہا۔
طارق عزیز نے اپنی زندگی میں چند فلمیں بھی بنائیں۔ ان کی پنجابی شاعری کی کتاب ’ہمزاد دا دکھ‘ اپنی جگہ ایک منفرد مثال ہے۔
2 سال قبل طارق عزیز حرکت قلب بند ہونے سے 84 سال کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کی وصیت کے مطابق ان کی تمام جائیداد 4کروڑ 41 لاکھ روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرادی گئی۔