وزیر ریلوے حنیف عباسی نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے کئی مسافر اب بھی یرغمال ہیں۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیر ریلوے کو نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے فون کرکے جعفر ایکسپریس ٹرین ہائی جیک کیے جانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ کئی مسافر جو اب تک یرغمال ہیں، انہیں دہشت گردوں کے چنگل سے چھڑانے کیلئے کوشش جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے، یرغمال مسافروں میں خواتین اور بچوں کی موجودگی کے باعث انتہائی احتیاط سے کوشش جاری ہے۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی نے دہشت گردی کے واقعے کی واشگاف الفاظ میں مذمت کی۔
نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کا گریٹ پلان امریکا اسرائیل اور بھارتی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔ ضروری ہے کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر آجائیں۔ لیاقت بلوچ نے ریلوے یونین کے صدر شیخ محمد انور کو فون کرکے ٹرین ڈرائیور امجد یاسین کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت بھی کی۔