طالبان انتظامیہ نے پاکستانی سرحد سے متصل شہر خوست میں روس اور امریکہ کیخلاف جنگوں میں افسانوی شہرت رکھنے والے جہادی کمانڈر مولوی جلال الدین حقانی کا قائم کردہ تاریخی مدرسہ مسمار کردیا۔
افغان حکام کے مطابق جلال الدین حقانی جو امریکا کیخلاف افغان مزاحمت کے دوران مشہور ہونے والے حقانی نیٹ ورک کے بانی بھی تھے، کے قائم کردہ تاریخی مدرسے کو جزوی طور پر منہدم کیا گیا ہے۔
افغان حکام کے مطابق دراصل اس مدرسے کا ایک حصہ خوست کابل شاہراہ کے توسیعی نقشے میں آ رہا تھا اور سڑک کو دورویہ بنانے میں رکاوٹ بن رہا تھا، اس لیے طالبان انتظامیہ نے مدرسے کا یہ حصہ گرانے کا فیصلہ کیا۔
افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق حال ہی میں افغان حکومت نے خوست کابل شاہراہ کی توسیع اور سڑک کو دورویہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کمانڈر جلال الدین حقانی کے اس مدرسے کو امریکی جارحیت کے آغاز کے دنوں میں بمباری کا نشانہ بنایا گیا تھا جس سے رمضان المبارک میں تراویح کے دوران درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور مدرسے کی عمارت منہدم ہوگئی تھی۔