اسلام آباد: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ علامہ طالب جوہری نہیں گئے، یادوں کا ایک انمول ذخیرہ چلا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ علامہ صاحب ہی وہ شخصیت تھے جن کی مجالسِ شامِ غریباں ہر مسالک کے گھروں میں ایک سے اہتمامِ،غم و عقیدت سے سنی جاتی تھیں۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ یہی وہ واحد خطیب تھے کہ محرم الحرام کے دنوں میں جن کی تقاریر اپنے گھر میں سننے کو ملتی تھیں، مجلسِ شامِ غریباں ٹیلی ویژن پر ہم سب گھر والے ایسے ہی سنتے تھے جیسے کوئی شیعہ گھرانا سنتا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آج بالکل ایسے محسوس ہو رہا ہے جیسے کوئی بہت ہی اپنا کوئی بہت ہی شفیق بزرگ چھوڑ کر چلا گیا ہو۔ مجھے یقین ہے کہ اس سانحے کی افسردگی آج ملتِ تشیع ہی نہیں بلکہ مکتبہ اہلِ سنت کے یہاں بھی ایک سی دل سوزی کے ساتھ محسوس ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے اور مجھ جیسے بہت سے اہل سنت گھرانوں کے لیے ملت تشیع کا تعارف جنابِ طالب جوہری کا چہرہ تھا، بے حد اداسی ہے! اور ابھی ان جملوں کے نشتر بھی برسنے ہیں جو اپنی کم علمی کے سبب تیروں کی طرح برسائے جائیں گے۔
گورنر پنجاب نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ سائیں علامہ طالب جوہری صاحب کی روح کو محمد و آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تقرب یافتہ انوار میں جگہ عطا فرمائے۔