تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہر اعتکاف میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کو محض رسم بنا لیا گیا ہم اللہ کے حضور ماتھا تو جھکاتے ہیں مگر دل نہیں، جس کے دل میں رتی برابر ایمان، آخرت پر یقین اور خدا کا خوف ہو گا وہ کبھی کسی کمزور پر ظلم نہیں کرے گا۔
خوف خدا رکھنے والا کسی کو ناحق ایذا نہیں پہنچائے گا، طاقت کا بے رحم استعمال نہیں کرے گا، اختیار و وسائل کے نشے میں کسی پر عرصہ حیات تنگ نہیں کرے گا حق تلفی نہیں کرے گا، جان مال اور عزت کو نقصان نہیں پہنچائے گا، یتیم کا مال نہیں کھائے گا جھوٹ نہیں بولے گا اور امانت میں خیانت نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
مذہبی خدمات انجام دینے والوں کیلئے عرب امارات کی جانب سے بڑی خوشخبری
انہوں نے کہا کہ اپنی خواہشات کو اللہ کے سامنے سرنڈر کر دینے کا نام اطاعت و فرمانبرداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزوروں کے ساتھ صلہ رحمی کے جذبہ سے خالی دل مردہ اور وہ جسم چلتی پھرتی لاشیں ہیں عرف عام میں اسے مردہ ضمیر سے تعبیر کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا ہر شخص اپنے ایمان کو پرکھ اور محاسبہ نفس کر سکتا ہے اگر گناہ اور جرم کرتے ہوئے دل میں ملال آئے تو جان جائیں ابھی ایمان کی چنگاری باقی ہے اور اعمال صالح کے ذریعے اس میں استحکام اور دوام حاصل کریں۔ جب دل مردہ ہو جاتا ہے تو جرم، جرم اور گناہ، گناہ دکھائی نہیں دیتا اس کیفیت سے بچیں یہ خدا کی ناراضی اور جہنم کا راستہ ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کمزوروں کیساتھ حسن سلوک کریں، یتیم کے سر پر دست شفقت رکھیں، اللہ نے آپ کو جس سطح کا اختیار دیا ہے اسے منصفانہ طریقے سے استعمال کریں، جھوٹ، بدعہدی، غرور و تکبر اور دروغ گوئی سے بچیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ایمان اور کردار والا ہر قسم کے خوف اور لالچ سے بے نیاز ہوتا ہے وہ لوگوں کے اچھے برے رسپانس کی پروا نہیں کرتا وہ ہر حال میں امربالمعروف و نہی المنکر کا مبلغ اور داعی ہوتا ہے اس کا دل نیکی اور تقویٰ و طہارت کا پیکر ہوتا ہے، یہی وہ بندہ مومن ہیں جن کیلئے یوم آخرت انعام و اکرام کے وعدے کیے گئے ہیں۔