ممبئی: بھارت کے نیشنل نارکوٹکس بیورو نے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ سشانت خودکشی سے جڑے منشیات کیس میں جن اداکاراؤں سے تفتیش کا امکان ہے اُن میں دپیکا پڈوکان بھی شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سشانت خودکشی کیس کی تفتیش کے دوران بالی ووڈ میں منشیات کے دھندے اور چند فنکاروں کی جانب سے باقاعدہ ”ڈرگ پارٹیز“ منعقد کرانے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیشنل نارکوٹکس بیورو نے سب سے پہلے سشانت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کو منشیات خریدنے کے لیے ڈیلر سے رابطے کرنے کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔
ریا چکروتی کی گرفتاری سے پہلے سے ان کے بھائی کو بھی منشیات کیس میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔ نیشنل نارکوٹکس بیورو نے یہ کارروائی اداکارہ ریا چکروتی کے واٹس ایپ چیٹس پکڑے جانے کے بعد شروع کی تھی۔
حال ہی میں ہونے والی پیشرفت میں اداکارہ سارہ خان اور شردھا کپور کو سمن بھیجنے کے علاوہ کنگنا رناوت کو بھی سمن جاری کرنے کا ارادہ ہے۔
اس حوالے سے نیشنل نارکوٹکس بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر ملہوترا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور چیٹ میں منشیات کا تذکرہ آیا ہے جس میں دپیکا کی منیجر کرشمہ کا نام اور ایک حرف ”ڈی“ بھی موجود ہے جو ممکنہ طور پر دپیکا ہوسکتی ہیں۔
نیشنل نارکوٹکس بیورو نے بتایا کہ دپیکا کی منیجر کرشمہ پرکاش کو سمن بھیج دیا گیا ہے اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ منیجر سے تفتیش کے بعد دپیکا پڈوکان کو بھی شامل تفتیش کرنی ضرورت پیش آئے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی نرمی اور کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔