عارضۂ قلب میں مبتلا بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ سریکھا سکری انتقال کر گئی ہیں۔ ان کی عمر 75 سال تھی۔
تفصیلات کے مطابق نامور بھارتی فنکاروں نے سریکھا سکری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے جو آج صبح کے وقت دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سریکھا سکری کے منیجر نے تصدیق کی ہے کہ 3 بار نیشنل ایوارڈ یافتہ بھارتی فنکارہ آج صبح کو 75 سال کی عمر میں دنیائے فانی سے کوچ کر گئیں۔
دوسری بار دماغی اسٹروک کے باعث طبی پیچیدیوں کا سامنا کرنے والی اداکارہ سریکھا سکری کے انتقال کے وقت ان کے اہل خانہ اور خیر خواہ ان کے قریب موجود تھے۔دل کا دورہ پڑنے کے باعث ان کا 75برس کی عمر میں انتقال ہوا۔
سب سے پہلے سریکھا سکری سلور اسکرین پر 1978 میں فلم قصہ کرسی کا میں اداکاری کرتی نظر آئیں، پھر گوونند نہلانی کی تمس، شیام بنگالی کی ممو اور سرداری بیگم سمیت متعدد فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔
آگے چل کر 90 کی دہائی میں سریکھا سکری نے ٹیلی ویژن کا رخ کیا اور گھر گھر میں ایک معتبر فنکارہ کے طور پر ان کا نام لیا جانے لگا۔ سن 2018 میں انہوں نے فلم بدھائی ہو میں کام کیلئے نیشنل ایوارڈ اپنے نام کیا۔
آخری بار سریکھا سکری کو زویا اختر کے ڈائریکشنل پراجیکٹ اور نیٹ فلکس کی گھوسٹ سیریز میں دیکھا گیا جہاں انہوں نے ساتھی بھارتی فنکارہ جھانوی کپور کے ہمراہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔
رواں ماہ بھارتی فلم انڈسٹری کے کسی سینئر اداکار کے انتقال کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔جولائی کے آغاز میں بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار بھی 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
آج سے 9روز قبل بالی ووڈ کے مشہورومعروف اداکار دلیپ کمار کا انتقال صبح 7 بج کر 30 منٹ پر طویل علالت کے باعث ہوا۔ ان کے سوگواران میں مداحوں کی بڑی تعداد کے علاوہ ان کی اہلیہ سائرہ بانو شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: لیجنڈری اداکار دلیپ کمار 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے