کراچی:گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی اے) کے ترجمان سردار عبدالرحیم کاوزیر توانائی سندھ کے کشمیریوں کو بھولنے کا مشورہ دینے والے بیان پر اپنی جماعت کی جانب سے سخت ردعمل اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی وزیر نے اپنی تمام توانائی بانیان پاکستان کی سوچ رد کرنے میں لگا دی ہیں۔
کشمیری عوام کا ساتھ دینا پاکستانی نظریہ کی بنیاد ہے۔ پاکستان ہر قیمت پر ہندوستان کے خلاف کشمیریوں اور مسلمانان ہند پر مظالم کیخلاف آواز اٹھاتا رہیگا۔
انہوں نے کہا کہ امتیاز شیخ نے کشمیریوں کو بھول جانے کا مشورہ دیکر پاکستان دشمنوں کی حمایت کی ہے۔موصوف وزیر کو بتانا ہوگا کہ کس کے کہنے پر انہوں نے کشمیریوں کوتنہاچھوڑنے کا مشورہ دیا۔
غریبوں کو بے یار و مدد گار چھوڑنے والی بدمست سندھ حکومت عوامی احتساب سے نہیں بچ سکتی۔ اسلامی ریاست کا اصول ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی ملک میں مظالم کا شکار ہونے والے مظلوم مسلمانوں کی مدد نہیں کر پاتا تو کم از کم آواز اٹھا کر ہی مدد کرتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے بد مست حکمرانوں کو صرف تجوریاں بھرنے کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو بتایا جارہا ہے کہ ہم نے اتنا راشن بانٹ دیا، لیکن وہ راشن آخر باٹا کہاں گیا؟ عوام سوال کررہے ہیں۔