مکہ مکرمہ، پیر کو سورج دن 12بجے کے بعد خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سورج خانہ کعبہ کے اوپر
(فوٹو: آن لائن)

ریاض سعودی حکام نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں کل پیر کو سورج دن 12بج کر 18منٹ پر خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا جس سے قبلہ رخ کا تعین کیا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اردو نیوز نے سعودی عرب کی فلکیاتی سوسائٹی کے نگران انجینئر ماجد آل زاہرہ کے حوالے سے بتایا کہ سال میں دوبار سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوتا ہے جس سے قبلہ رخ کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔واضح رہے کہ دنیا بھر کے مسلمان خانہ کعبہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے ہیں۔

سعودی حکام نے کہا کہ پیر کو دن 12 بج کر 18 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا اور یہ رواں سال 2024 کا پہلا مرحلہ ہوگا۔ماضی میں لوگ اس وقت جب سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوتا تھا ، چھڑی زمین میں گاڑھ کر اس کے سائے سے قبلہ رخ کا تعین کرتے تھے۔ موجودہ دور میں یہ کام اسمارٹ فونز اور دیگر آلات کی مدد سے ممکن بنایا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ مسلمان اسلام کے ابتدائی دور میں کم و بیش 16 یا 17 ماہ تک بیت المقدس کی جانب منہ کرکے نماز پڑھتے رہے جس کے بعد رسول اللہ ﷺ کی دلی خواہش پر اللہ تعالیٰ نے کعبۃ اللہ کو مسلمانوں کیلئے قبلہ قرار دیا جو قیامت تک برقرار رہے گا جبکہ مسلمان حج یا عمرے کی غرض سے مناسکِ حج ادا کرتے ہیں جس میں کعبۃ اللہ کا طواف بھی شامل ہے۔

مناسکِ حج میں شیطان کو کنکریاں مارنا اور سعی کرنا بھی شامل ہے اور اسلامی تاریخ کے مختلف واقعات کے تحت مناسکِ حج کو ایک مخصوص ترتیب کے ساتھ ادا کرنا ہوتا ہے۔ اسلام کے قرآن و سنت سے ثابت اصولوں کے مطابق ہر مسلمان اور صاحبِ استطاعت شخص پر زندگی میں کم از کم ایک بار حج فرض قرار دیا گیا ہے۔

Related Posts