جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین اپنے گھر میں مردہ پائے گئے، پولیس اور اہل خانہ کی جانب سے ان کی موت کو خودکشی کا نام دیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ عالمگیر ترین نے اپنی کنپٹی پر ایک گولی چلائی جو جان لیوا ثابت ہوئی، مرحوم کی لاش کے پاس سے ملنے والی پستول اور تحریری نوٹ فرانزک کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خودکشی کرنے والے عالمگیر ترین معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر تھے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی جانب سے بھی بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ ’سب کو پتہ چلا ہے کہ عالمگیر ترین صاحب اللہ کے پاس چلے گئے ہیں، آج یہ افسوس ناک خبر ملی ہے۔‘
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ عالمگیر ترین نہ صرف ملتان سلطانز کے اونر تھے بلکہ ایسے بہت سے کام تھے جو وہ کر رہے تھے، پاکستان کی اور لوگوں کی خدمت کر رہے تھے، ذاتی طور پر مجھے اس کے بارے میں پتہ ہے۔‘
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا کہ ’میں اس بات کا بھی گواہ ہوں کہ آخری بار جب میری ان سے بات ہوئی تھی تو جو ہماری ٹیم جا رہی تھی حج کیلئے آخری ٹائم پر ہم نے ان سے درخواست کی تھی ساتھ چلنے کی لیکن انہوں نے کہا تھا کہ ابھی تو بہت کم ٹائم ہے اگلے سال انشاء اللہ آپ لوگوں کے ساتھ رہوں گا۔‘
مزید پڑھیں:نانگا پربت پر پھنسے پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی کیمپ ون پہنچ گئے
آخر میں رضوان نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ عالمگیر ترین کیلئے دعا کریں کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔