اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے بغل میں چھری اور منہ میں رام رام، ان کا بننا کچھ نہیں ہے۔اس موقع پر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ شوگر اور گندم مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو ریلیف دینے کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے لیکن اس نے کوئی کام نہیں کیا، کراچی کے شہریوں کو اُن کے حال پر چھوڑ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے شہریوں کیلئے جو بھی کر سکی، وہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں اداروں اور انفراسٹرکچر پر پوری کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کراچی میں سیوریج کا کوئی نظام ہی نہیں ہے۔ یہ سندھ حکومت کی بہت بڑی نااہلی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے شہریوں کی تکالیف کا فوری ازالہ کیا جائے۔ بارشوں سے کراچی کے شہریوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا، پورا نظام تباہ ہو گیا۔ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی شہریوں کی مدد کریں گے اور کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پر پیپلز پارٹی کی طویل عرصے سے حکومت ہے، ان کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ لوگوں کو کتنی تکلیف سے گزرنا پڑا کسی بھی مہذب ملک میں یہ صورتحال کافی تکلیف دہ ہے۔ اب بہت سی بیماریاں بھی پھیلیں گی۔ سندھ حکومت اس حوالے سے ذمہ دار اور جواب دہ ہے۔
کورونا کیخلاف اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی۔ اب عید کے موقع پر عوام ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ کئی ممالک میں بے احتیاطی سے دوبارہ یہ بیماری پھیلی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کا خیال خاص طور پر رکھا جائے۔