شہرِ قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 27 سالہ نوجوان سینے پر لگنے والی گولی کے باعث جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے شارعِ فیصل پر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 27 سالہ فہد احمد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
اسلام آباد میں ایک اور کمسن ملازمہ پر مالکن کا تشدد، مقدمہ درج
مقتول فہد احمد کی میت جناح ہسپتال منتقل کردی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 4مسلح ملزمان موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جن کی جانب سے نوجوان فہد کے سینے پر گولی چلائی گئی جو موت کی وجہ بن گئی۔
جاں بحق نوجوان فیڈرل بی ایریا، ضلع وسطی کراچی کا رہنے والا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر ہم جائے وقوعہ پہنچے اور 9ایم ایم پستول کے 5 خول برآمد کیے ہیں جنہیں تفتیش کیلئے قبضے میں لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں آئے روز ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے واقعات پیش آرہے ہیں جن کے نتیجے میں درجنوں شہری جاں بحق ہو گئے۔ رواں برس ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے کم از کم 88افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔