اسلام آباد: خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر کل عورت آزادی مارچ نکالا جائے گا جس کے خلاف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عوام کی اکثریت نے مخالفانہ آراء کا اظہار کیا ہے۔ ”عورت بربادی مارچ روکو“ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرپاکستانی صارفین کیلئے اسٹاپ عورت بربادی مارچ ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے جس کے تحت 42 ہزار 900 افراد نے اب تک ٹویٹس کرکے عورت آزادی مارچ کی مخالفت کی ہے۔
عوام کی اکثریت عورت آزادی مارچ کے دوران لگائے جانے والے نعروں کے بھی خلاف ہے۔ ٹوئٹر پر ہم میرا جسم میری مرضی کا نعرہ مسترد کرتے ہیں بھی چوتھا ٹاپ ٹرینڈ ہے۔
وی ریجیکٹ میرا جسم میری مرضی یعنی ”ہم میرا جسم میری مرضی کا نعرہ مسترد کرتے ہیں“ کے تحت ٹوئٹر پر 30 ہزار 700 پیغامات ارسال کیے جاچکے ہیں جن میں عوام نے اس نعرے کے خلاف بیانات دئیے ہیں۔
عورت مارچ کے حق میں اور مخالفانہ دونوں قسم کے تاثرات کے لیے ٹوئٹر پر ایک اور ٹرینڈ بھی زور پکڑ رہا ہے جس کا نام ”عورت مارچ“ ہی رکھا گیا ہے۔ اب تک 37 ہزار 800 افراد اس پر ٹویٹ کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ عورت مارچ سےکوئی بھی اختلاف کرسکتا ہے جبکہ انہوں نے عورت مارچ کے بعض نعروں کو بے وقوفانہ قرار دے دیا۔
ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ عورت مارچ سے اختلاف ہوسکتا ہے، بعض سلوگن (نعرے) بے وقوفانہ ہیں۔
مزید پڑھیں: عورت مارچ کے بعض نعرے بے وقوفانہ ہیں۔فواد چوہدری