کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی مندی چھائی رہی اورکے ایس ای100انڈیکس34ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے مزید325.02پوائنٹس کی کمی سے 33709.63پوائنٹس کی سطح پر آگیاجب کہ 64.50فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو57ارب70کروڑ70لاکھ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں مندی چھاگئی اور دوران ٹریڈنگ 34ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے33658پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا،بعد میں معمولی ریکوری بھی آئی تاہم مندی کا رجحان غالب رہااور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس325.02پوائنٹس کی کمی سے 33709.63پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 162.13پوائنٹس کی کمی سے 14556.71پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 218.08پوائنٹس کی کمی سے24173.16پوائنٹس ہوگیا۔گذشتہ روز 355کمپنیوں کے حصص کاروبار ہوا جن میں سے100کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ229میں کمی اور26میں استحکام رہا۔
مندی کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم64کھرب58ارب42کروڑ52لاکھ روپے سے گھٹ کر64کھرب71کروڑ82لاکھ روپے ہو گیا۔جمعرات کو16کروڑ84لاکھ29ہزار شیئرز کی لین دین ہوئی جو بدھ کے مقابلے میں 2کروڑ73لاکھ4ہزار شیئرز زائد ہے۔
قیمتوں میں اتار چڑھاوکے اعتبار سے سیپ ہائر ٹیکس کے حصص کی قیمت49.27روپے کے اضافے سے706.27روپے اورانڈس ڈائنگ کے حصص کی قیمت42.01روپے کے اضافے سے 627روپے ہو گئی جبکہ 350روپے کے کمی سے نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت6500روپے اوررفحان میظ کے حصص90روپے کی کمی سے7ہزارروپے پر آ گئی۔