کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے ریکارڈز قائم ہو گئے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس میں ریکارڈ 3 ہزار 410 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 76 ہزارپوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگیا۔
اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای 100 انڈیکس 76 ہزار 208 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ میں آج 65 کروڑ شیئرز کے سودے 30 ارب روپے میں طے ہوئے، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 349 ارب روپے بڑھ کر 10 ہزار 133 ارب روپے ہوگئی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس کے علاوہ اسٹاک ایکسچینج کا کے ایم آئی 30 انڈیکس 5 ہزار 790 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 25 ہزار 820 پوائنٹس پر بند ہوا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس نے نئے ریکارڈز قائم کردئیے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم ڈی پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان نے بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ کو مشکل معاشی، سیاسی چیلنجز میں متوازن بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔
ایم ڈی اسٹاک ایکسچینج نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں نئے شعبے آئے ہیں، نان فائلر ٹیکس نیٹ میں نہ آنے کا درد محسوس کرےگا، ٹیکس لینا ضروری اور اس کا استعمال بھی ضروری ہے، بجٹ آئی ایم ایف پروگرام کے حصول کے لئےمددگار ثابت ہوگا۔