سڈنی:بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے تحت پابندی کا شکار ہونے والے سابق آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ کی پابندی کی مدت ختم ہوگئی۔
جس کے ساتھ ہی وہ دوبارہ آسٹریلین ٹیم کی قیادت کے لئے اہل ہو گئے ہیں۔2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے الزام میں اس وقت کے آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ پر کرکٹ آسٹریلیا نے ایک سال کی پابندی عائد کی تھی۔
اسمتھ کودو سال کے لیے قیادت کے منصب کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔اسٹیو اسمتھ کے ساتھ ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
ٹم پین کی جگہ اسٹیو اسمتھ کو دوبارہ کپتان بنانے کے مطالبات سامنے آ رہے ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آیا اسمتھ خود بھی اس منصب کے لیے تیار ہیں یا نہیں۔
پابندی کے خاتمے کے بعد اپنے بیان میں اسمتھ نے کہا کہ ابھی ان کی توجہ خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رکھنے پر مرکوز ہے۔اسمتھ کو رواں سال انڈین پریمیر لیگ میں شرکت کرنا تھی لیکن کورونا وائرس کے سبب لیگ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں 21روزہ لاک ڈاؤن چل رہا ہے اور بھارت نے اپنی سرحدیں بند کرتے ہوئے غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ بھارت نے 15اپریل تک پورے ملک کو لاک ڈاؤن کردیا ہے۔