اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سنٹر(این سی او سی) نے عید الفطر کے موقع پر 10 مئی سے پندرہ مئی تک تعطیلات کا اعلان کردیا۔
این سی او سی کی جانب سے کہا گیا کہ 8 سے 16 مئی تک”گھر رہو محفوظ رہو”کی حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے، زیادہ چھٹیوں کا مقصد عید کے دوران ملکی سطح پر نقل حمل کو محدود کرنا ہے۔ یوم علی ؑ، شب قدر، اعتکاف، جمعتہ الوداع کیلیے جاری گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یکم مئی سے ہوگا۔
اجلاس میں دس مئی پیر سے پندرہ مئی ہفتہ تک عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان بھی کیا گیا۔ اس طرح وفاقی حکومت کے ملازمین کے لیے 8 مئی ہفتے سے 16 مئی اتوار تک 9 چھٹیاں بنیں گی، جبکہ صوبوں کے ملازمین کیلئے عید الفطر کی 8چھٹیاں ہو جائیں گی۔
این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ این سی او سی نے 3مئی سے 40سے 49 سالہ شہریوں کی کورونا ویکسینیشن کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان آنے والی پروازیں 5 سے 20 مئی تک کم کردی جائیں گی اور اس فیصلے پر نظر ثانی 18 مئی کو کی جائے گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی عالمی پروازویں کم کرنے سے متعلق تفصیلی احکامات جاری کرے گی۔
این سی او سی نے آکسیجن اور آکسیجن سلنڈر کی درآمد کی بھی منظوری دے دی۔ اجلاس میں آکسیجن کی تیاری اور فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملک میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کو بڑھانے کے لئے 6000 میٹرک ٹن آکسیجن اور 5000 آکسیجن سلنڈروں کی درآمد کی اجازت دی جائے گی۔
این سی او سی نے فیصلہ کیا کہ چاند رات کے بازاروں پر پابندی ہوگی،“گھر رہو محفوظ رہو”کی حکمت عملی کے تحت تمام مارکیٹس، دکانیں، کاروبار بند رہیں گے، تمام مہندی، جیولری اور کپڑوں کے اسٹالز پر مکمل پابندی ہو گی۔
تمام تفریحی مقامات، پبلک پارکس، شاپنگ مالز 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے، تفریحی مقامات اور ان کے ارد گرد موجود ہوٹلز بھی بند رہیں گے۔عید کے دنوں میں کھانے پینے کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز، پیٹروم پمپس کھلے رہیں گے جبکہ ریستورانوں سے کھانا لے جانے کی اجازت ہو گی۔
این سی او سی نے ہدایت کی کہ عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔این سی او سی نے ہدایت کی کہ الیکٹرانک میڈیا عید کی چھٹیوں میں تفریحی پروگرامز، فلمز اور ڈرامیں نشر کرے، تفریحی پروگرامز، فلمز اور ڈراموں کا مقصد لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنا ہے۔
عید کیلئے اضافی ٹرینیں 7 مئی تک چلائی جائیں گی تاہم بین الصوبائی، انٹر اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ پر8سے 16مئی تک مکمل پابندی رہیگی، نجی گاڑیوں، رکشوں اور ٹیکسیز کو 50 فیصد سواریوں کے ساتھ اجازت ہوگی۔