اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی محنت کشوں کی ترقی سے وابستہ ہے۔ حکومت کو مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کے مسائل کا مکمل ادراک ہے۔
مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مزدوروں اور محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی وجہ سے اس ملک کی صنعت کا پہیہ چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کے لئے دلی طور پر فکر رکھتے ہیں اور ایسے طبقات کی زندگی میں بہتری لانا وزیراعظم کے مشن کا حصہ ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وباء نے دنیا کی مضبوط اور طاقتور معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لئے ان مضمرات کا مقابلہ کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صدر مملکت کی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے علماء سے مدد کی اپیل