کراچی میں شدید بارش اور عام تعطیل کی وجہ سے کراچی کے سرکاری اسپتالوں سے عملہ غائب رہا، معمول کے آپریشن بھی ملتوی کردیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ نے سرکاری اسپتالوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے جس کی وجہ سے اسپتالوں میں عملے کی چھٹیاں منسوخ ہیں۔
حکومت سندھ کی جانب سے اتوار کی رات گئے شدید بارش کے پیش نظر کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے کراچی میں تمام سرکاری اور نجی دفاتر بند رہے۔
ڈی جی ہیلتھ کی جانب سے اسپتالوں میں رین ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن شہر کے سرکاری اسپتالوں میں عملہ غائب رہا اور معمول کے درجنوں آپریشن بھی ملتوی کردیئے گئے، او پی ڈیز بھی بند رہیں۔
جناح اسپتال، عباسی شہید اسپتال اور سول اسپتال کے حکام کے مطابق شعبہ شعبہ حادثات اور ایمرجنسی آپریشن جاری رہتے ہیں لیکن معمول کے آپریشن چھٹی کی صورت میں منسوخ ہوجاتے ہیں۔