پاکستان کی حج انتظامیہ نے اس سال کے حج سیزن کے دوران سعودی عرب میں گرمی کی شدت کے پیش نظر عازمین حج کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سال دیگر ایشیائی ممالک کی طرح عرب ممالک بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں سعودی عرب میں حج سیزن کے دوران شدید گرمی پڑ رہی ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل حج پاکستان مشن عبد الوہاب سومرو نے عازمین حج کو گرمی کی سختی اور شدت سے نمٹنے کے لئے چند رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔
ڈی جی حج کی جانب سے جاری کردہ رہنما ہدایات کے مطابق عازمین حج کو دوران سفر اور دوران زیارات زیادہ پانی پی کر ہائیڈریشن کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہئے۔
اس کے ساتھ کیفین اور چینی والی مشروبات کے زیادہ استعمال سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ عازمین حج کو ماسک، چھتری اور دھوپ کی عینک استعمال کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔