اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور اور دیرینہ ساتھی نعیم الحق انتقال کر گئے۔ان کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی جائے گی جس میں وزیراعظم ،صدر مملکت سمیت متعدد سیاسی رہنما شرکت کریں گے۔
نعیم الحق کو نجی اسپتال کے آئی سی یو ( انتہائی نگہداشت یونٹ )میں رکھا گیا تھا جہاں وہ انتقال کر گئے، وزیراعظم عمران خان بھی نعیم الحق کی عیادت کر چکے تھے۔
نعیم الحق کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی جائے گی جس میں وزیراعظم ،صدر مملکت ، گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت متعدد سیاسی رہنما اور پی ٹی آئی کے کارکنان شرکت کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ نعیم الحق کی نماز جنازہ بروز اتوار بعد نماز عصر، مسجد عائشہ، خیابان اتحاد فیز 8 میں ادا کی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نعیم الحق کینسر سے ایک شیر کی طرح لڑے ، ایک بزرگ، ایک دوست اور ساتھی کے طور پر ہمیشہ یاد رہیں گے، اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون عطافرمائے۔
پی ٹی آئی رہنما محمود مولوی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ نعیم الحق کا انتقال ہوگیا ، اللہ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے۔