3 ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے اہم ترین میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کے لیے 353 رنز کا ہدف دے دیا۔
سہہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کا اہم مقابلہ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جارہا ہے، یہ میچ جیتنے والی ٹیم 14 فروری کو نیوزی لینڈ سے فائنل میں مد مقابل ہوگی۔
سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ویان ملڈر کے علاوہ تمام کھلاڑیوں نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا، کپتان ٹیمبا باووما 82 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، ٹونی ڈی زورزی نے 22 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ اپنے ڈیبیو میچ میں 150 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے والے میتھیو بریزکے نے آج بھی مایوس نہیں کیا اور وہ 83 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
ٹیم میں واپسی کرنے والے ہینرک کلاسن نے 56 گیندوں پر 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے جب کہ کائل ویرینے 44 اور کوربن بوش 15 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2، خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل، پاکستانی ٹیم میں انجری کا شکار حارث رؤف کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا جب کہ کامران غلام کی جگہ سعود شکیل کو موقع دیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ نے ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں، ٹونی ڈی زورزی، ہینرک کلاسن، کوربن بوش اور کیشو مہاراج پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
کپتان محمد رضوان نے کہا کہ چیمپئن سے قبل ہمارے پاس اچھا موقع ہے، نئی کنڈیشن اور نیا دن ہے، اچھی کرکٹ کھیلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف جو سیریز جیتی تھی وہ ماضی ہوگیا ہے، اس میچ کو جیت کر ہم مومنٹم حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، جو ہم چیمپئنز ٹرافی میں لے کر جائیں گے۔
جنوبی افریقہ کے کپتان نے کہا کہ چیمپئنزٹرافی سے پہلےکھیلنے کا موقع اچھا ہے، کلاسن کے آنے سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، اس وکٹ پر فاسٹ بالر آسانی سے وکٹ نہیں لے پائیں گے۔
پاکستانی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، سلمان آغا، سعود شکیل، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین اور ابرار احمد شامل ہیں۔
جنوبی افریقی ٹیم میں ٹیمبا باووما (کپتان)، ٹونی ڈی زورزی، میتھیو بریزکے، ہینرک کلاسن، کائل ویرینے، ویان مُلڈر، کوربن بوش، سینوران مُتھوسوامی، تبریز شمسی، کیشو مہاراج اور لونگی نگیڈی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں پہنچے گی، جو 14 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ نیوزی لینڈ پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔
پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 78 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جنوبی افریقا کو بھی نیوزی لینڈ کے خلاف 6 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کل کا میچ سیریز میں بقا کے لیے اہم ہوگا، جس میں دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔