بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ سونم باجوہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر مرکزِ نگاہ بن گئیں جب انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران انسٹاگرام پر سفید لباس اور ہری چوڑیوں میں ملبوس اپنی تصاویر شیئر کیں۔
سونم کی یہ تصاویر پاکستانی صارفین کے لیے ایک خاموش مگر پرکشش پیغام کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں جبکہ بھارتی حلقوں میں انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔
سونم باجوہ جو اپنی خوبصورتی اور سادہ مگر منفرد فیشن سینس کے لیے مشہور ہیں، نے سفید روایتی لباس اور ہاتھوں میں سبز چوڑیاں پہنے ہوئے چند تصویریں پوسٹ کیں جنہیں سوشل میڈیا صارفین نے پاک بھارت موجودہ سیاسی تناؤ کے تناظر میں خوبصورتی سے جوڑ دیا۔
پاکستانی صارفین نے ان تصویروں کو “امن، خاموش یکجہتی” اور “دوسری طرف کی حقیقت” کے طور پر تعبیر کیا۔پاکستانی صارفین نے تصاویر پر تبصرے کرتے ہوئے لکھا:سونم باجوہ نے ہرا اور سفید پہن کر ہمارے دل جیت لیے۔
ادھر بھارتی سوشل میڈیا پر سونم کو نشانے پر لیا گیا۔ کئی صارفین نے ان پر “غداری”، “غیر ذمہ داری” اور “حساس وقت میں غیر محتاط فیشن” کے الزامات عائد کیے۔ بعض انتہا پسند حلقوں نے یہاں تک کہ سونم کے خلاف مہم چلانے کی دھمکیاں بھی دیں۔
یہ پہلی بار نہیں کہ سونم باجوہ کو پاکستانی سوشل میڈیا پر پذیرائی ملی ہو۔ اس سے قبل بھی وہ پاکستانی مداحوں سے اپنے نرم لہجے، سادہ شخصیت اور علاقائی ثقافت کے قریب رہنے کی وجہ سے مثبت ردعمل حاصل کر چکی ہیں۔